امرتسر، 20؍ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )اٹاری کے سرحدی چوکی(بی او پی )مہاوا کے نزدیک ایک نہر میں ایک اسکولی بس کے گر جانے سے اس میں سوار 7 بچوں کی موت ہو گئی جبکہ 17دیگر زخمی ہو گئے۔سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ ہرکمل پریت سنگھ نے کہا کہ 37بچوں کو لے کر جا رہی اسکولی بس جب ایک سنکرے پل کے اوپر سے گذر رہی تھی تبھی یہ حادثہ ہوا۔بس بچوں کو اسکول سے گھر پہنچانے جا رہی تھی۔انہوں نے کہاکہ بس پل پر پھنس گئی اور ڈرائیور نے اسے نکالنے کی کوشش کی جس میں وہ نہر میں گر گئی۔انہوں نے کہا37طلبا میں سے 7کی موت ہو گئی جبکہ 17دیگر کو معمولی چوٹیں آئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔پولیس کے مطابق بس ڈی اے وی اسکول کی تھی اور ہلاک ہونے والے بچوں کی عمر 10سے 15سال کے درمیان تھی۔وہ ٹبی کے قریب گاؤں کے رہنے والے تھے۔سنگھ نے کہاکہ بس ڈرائیور چرنجیت سنگھ نے کل سے ہی کام شروع کیا تھا۔وہ اس حادثے کے بعد فرار ہے۔ان کے مطابق اس واقعہ کے سلسلے میں بس کا ڈرائیور اور مالک کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔اس حادثے کے بعد ارد گرد کے گاؤں کے لوگ وہاں پہنچے اور انہوں نے زخمیوں کو بچانے میں مدد کی۔